نئی دہلی،4/ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) سابق وزیر خزانہ اور سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے جی ڈی پی میں کمی کے لئے مرکز کی نریندر مودی حکومت پر نشانہ لگایا۔ واضح ہو کہ ملک کا جی ڈی پی یعنی شرح ترقی کی شرح رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سست ہو کر 5 فیصد ہوگئی۔ ایک سال پہلے اسی سہ ماہی میں ترقی کی شرح آٹھ فیصد تھی۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق جی ڈی پی کی شرح پہلی سہ ماہی میں 5.8 فیصد سے گھٹ کر 5 فیصد پر پہنچ گئی۔ جس میں 6 سال میں اس کی سب سے نچلی سطح ہے۔ کورٹ روم سے پی چدمبرم کے باہر نکلنے پر جب صحافیوں نے ان سے پوچھا کہ انہیں اپنی سی بی آئی حراست کے بارے میں کیا کہنا ہے تو سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ:’پانچ فیصد‘۔ کیا آپ جانتے ہیں پانچ فیصد کیا ہے۔ انہوں نے پانچوں انگلیاں دکھانے کے لئے اپنا ہاتھ بھی اٹھایا۔ اسی وقت سی بی آئی نے انہیں حراست میں لے لیا۔ کانگریس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے اس کا ویڈیو بھی شیئر کیا ہے۔ اس سے پہلے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے بھی ملک کی گرتی معیشت پر فکر ظاہر کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سہ ماہی میں جی ڈی پی کا 5 فیصد پر آنا ظاہر کرتا ہے کہ معیشت ایک ہولناک کساد بازاری کی طرف جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس تیزی سے ترقی کی شرح کا امکان ہے، لیکن مودی حکومت کے پالیسوں کی وجہ سے کساد بازاری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پریشان کن ہے کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ترقی کی شرح 0.6 فیصد پر لڑکھڑا رہی ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ہماری معیشت ابھی تک نوٹ بندی اور جلد بازی میں لاگو کئے گئے جی ایس ٹی کی تباہ کن اثر انگیزی سے نکل نہیں پائی ہے۔